پاکستان
Time 02 جنوری ، 2020

موٹر وے اور ہائی ویز پر بھاری جرمانوں پر عمل درآمد روک دیا گیا، مراد سعید

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا کہنا ہے کہ موٹر ویز اور ہائی ویز پر بھاری جرمانوں پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ‏موٹر ویز اور ہائی ویز پر بھاری جرمانے آج سے نافذ العمل ہونا تھے لیکن مختلف حلقوں کی طرف سے احتجاج کے باعث ابھی عمل درآمد نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جرمانوں پر ابھی غور جاری ہے، بھاری جرمانے ٹریفک حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع سے بچاؤ کے لیے کیے گئے۔

خیال رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر جرمانوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس کے خلاف خیبر پختونخوا اور پشاور کے کئی شہروں میں ٹرانسپورٹرز نے آج پہیہ جام ہڑتال کی۔

مراد سعید کے قومی اسمبلی میں بیان کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید موٹر ویز پر چالان سے متعلق لاعلم ہیں۔

موٹر ویز پر چالان یکم جنوری سے نہ صرف نافذ ہوچکا ہے بلکہ شہری تیز رفتاری اور لائسنس نہ ہونے پر جرمانے بھی بھر چکے ہیں۔

جیو نیوز نے اوور اسپیڈنگ پر ملتان سے جڑانوالا جانے والے شہری پر ہوئے ڈھائی ہزار روپے کے چالان کی خبر گزشتہ روز نشر کی تھی۔

مزید خبریں :