22 فروری ، 2020
لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے پی ایس ایل 5 میں پہلی شکست حاصل کرنے پر کہا کہ ماننا پڑے گا کہ ہم برا ہارے ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا میچ لاہور میں کھیلی جس کے لیے لاہور کے شائقین بھی اپنی ٹیم کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آئے لیکن قلندرز اپنے مداحوں کو خوشی دینے میں ناکام ہوگئے اور پہلے ہی میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس ضمن میں سینئر کرکٹر محمد حفیظ کہتے ہیں کہ ہار ہار ہے، ہار کو ماننا ہی کامیابی ہے، ہارے ہیں ماننا پڑے گا اور برا ہارے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ لڑکے اچھے نہیں ہیں، سب کھلاڑی اچھے ہیں ہم موقع کی مناسبت سے نہیں کھیلے، یہ ایک بیڈ شو تھا۔ ہمیں پازیٹو اور متحد رہنا ہے، پہلا میچ تھا ابھی بڑا لمبا سفر ہے، آئندہ کے میچز میں حکمت عملی اور ذمہ داری سے کھیلنا ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ یہ لیگ سینئر یا جونیئرز کی نہیں ہے اس فارمیٹ میں ہر کسی کو خود کو منوانا ہے چاہے وہ سنیئر ہے یا جونیئر، ہر کھلاڑی کو فائٹ کرنا اور اچھا کھیل کر سامنے آنا ہے۔
لاہور میں میچ کھیلنے پر محمد حفیظ نے کہا کہ لاہور کا شکریہ جو ہمیشہ بہت سپورٹ کرتے ہیں اور اس میچ میں بھی سپورٹ کرنے کے لیے اسٹیڈیم آئے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے لوگ ہمیں پیار کرتے ہیں، ہم خود جب تک اچھا نہیں کھیلیں گے، لوگوں کو خوشیاں نہیں دے سکیں گے، انہیں خوشیاں دینے کے لیے ہمیں اچھا کھیلنا ہو گا۔
محمد حفیظ نے اعتراف کیا کہ پہلے میچ میں ہم اچھا نہیں کھیلے، اس کے ہم سب ذمہ دار ہیں، کوئی ایک ذمہ دار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے تو میں جواب نہیں دے سکتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ کہ ہم بہتر کرکٹ نہیں کھیلے، ملتان سلطانز کے خلاف ہمیں اچھا اسٹارٹ ملا، اننگز کا مومنٹم بن چکا تھا لیکن اس کے بعد ہم نے اسمارٹ کرکٹ نہیں کھیلی۔
محمد حفیظ نے مزید کہا کہ بیٹسمینوں نے غلط شاٹس کھیلے، جس طرح کا ہمیں اسٹارٹ ملا تھا ہمیں 170, 180 رنز کرنے چاہیے تھے، اگر اتنے رنز کر لیتے تو میچ مختلف ہوتا مگر اس کا ہمیں کسی کو الزام نہیں دینا، ہمیں خود پر الزام دینا ہے کہ ہم بحیثیت ٹیم اچھا نہیں کھیلے، اب آئندہ میچز میں ہمیں بہتر مائنڈ سیٹ کے ساتھ گراؤنڈ میں جانا پڑے گا۔