06 مارچ ، 2020
انسان کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں پروٹین کی مناسب مقدار لینا بے حد ضروری ہے کیونکہ پروٹین ہماری بہتر صحت کے لیے بہت اہم ہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق پروٹین ہمارے میٹابولزم کو مضبوط کرتے ہیں جب کہ یہ ہڈیوں، پٹھوں، ناخن اور بالوں کے لیے بھی بہترین سمجھے جاتے ہیں۔
آج ہم آپ کو خوراک کے اس اہم جُز یعنی پروٹین کی کمی کے باعث ہماری صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے بتانے والے ہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق اگر آپ اپنی روزمرہ کی خوراک میں پروٹین کی اتنی مقدار نہیں لے رہے جتنی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے تو اس کمی کی وجہ سے اکثر اوقات ہمارے پاؤں اور ہاتھوں میں سوجن محسوس ہونے لگتی ہے۔
اگر آپ ایسی خوراک کا استعمال کر رہے ہیں جس سے آپ کے جسم میں پروٹین کی مقدار پوری نہیں ہو رہی تو اس کی وجہ سے آپ کے پٹھے متاثر ہونے لگتے ہیں۔
پروٹین جسم میں ٹشو اور پٹھوں کی صحت کے لیے بے حد اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اگر آپ پروٹین کی کم مقدار لیں گے تو اس سے آپ کو تھکاوٹ محسوس ہونے لگے گی۔
پروٹین کو بالوں، جلد اور ناخن کے لیے ایک اہم جُز سمجھا جاتا ہے، اگر آپ کے جسم میں پروٹین کی کمی ہوجائے گی تو اس سے آپ کے ناخن، بال اور جلد کھردرے اور خشک ہوجائیں گے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق بال گرنے کا تعلق بھی پروٹین کی کمی کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
پروٹین کو جسم کا ایندھن بھی کہا جاتا ہے، اگر آپ دن بھر پروٹین کی کم مقدار لیں گے تو اس کی وجہ سے آپ کو زیادہ بھوک محسوس ہونے لگے گی۔
روزمرہ کی خوراک میں پروٹین کی مقدار آپ کے مزاج کو بھی متاثر کر سکتی ہے اور اگر آپ کم مقدار میں پروٹین لے رہے ہوں گے تو اس وجہ سے آپ اکثر غصہ یا اداس ہوسکتے ہیں۔