07 مارچ ، 2020
گزشتہ روز پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین امان اللہ طویل علالت کے بعد دنیائے فانی سے کوچ کر گئے تھے اور ان کے جنازے میں معروف شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔
امان اللہ خان کے جنازے میں شرکت کرنے والے اداکار و میزبان واسع چوہدری کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا جس میں وہ امان اللہ کے جنازے میں موبائل فونز سے ویڈیو بنانے والے لوگوں پر برہم ہوگئے۔
واسع چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’امان اللہ صاحب کے جنازے میں مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ بے شمار لوگ صرف میت کی ویڈیو کلپ بنانے کی کوشش کررہے تھے، بجائے اس کے کہ وہ تلاوت ہی کر لیں‘۔
واضح رہے کہ مرحوم امان اللہ طویل عرصے سے علیل تھے اور انہیں چند روز قبل دوبارہ طبیعت بِگڑنے پر لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
امان اللہ خان اسٹیج، ٹی وی اور فلموں کا بڑا نام تھے، انہیں 2018 میں صدراتی تمغہ امتیاز برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔