08 مارچ ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف تباہ کن بولنگ کرنے والے لاہور قلندرز کے اسپنر سمت پٹیل کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایک یونٹ بن کر کھیلے۔
لاہور قلندرز نے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی، اسپنر سمت پٹیل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو اسپن کے جال میں پھنسایا اور تباہ کن اسپیل کیا، سمت پٹیل نے 4 اوورز میں ایک میڈن پھینکا، 5 رنز دیئے اور 4 وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ کی کمر توڑ ڈالی۔
سمیت پٹیل کہتے ہیں کہ پچ بہت مختلف تھی، جب اس پچ پر بریک ہوتے دیکھا تو یہی پلان کیا تھا کہ زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کریں اور مخالف ٹیم کو آؤٹ کریں، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اس سے قبل ایسی پچ نہیں دیکھی جہاں اتنا اسپن ہو رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے خلاف میچ مختلف میچ ہو گا، دیکھنا ہو گا کہ اس میچ میں کسی پچ ہے اسی حساب سے پلان کیا جائے گا، کراچی کنگز کے خلاف بھی ویسے ہی کھیلیں گے جیسے دوسرے ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہیں، اسے ایک اور میچ کی حیثیت سے ہی لیں گے لیکن کراچی کنگز کی ٹیم اچھا کھیلتے ہو ئے آرہی ہے ہمیں اس کی قدر کرنا ہو گی۔
سمت پٹیل نے کہا کہ ایک وقت میں ایک میچ پر فوکس ہوتا ہے، جیت سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، اب فوکس اگلے میچ پر ہو گا، اس وقت پلے آف میں کوالیفائی کا نہیں اگلے میچ کا سوچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوکس یہی ہے کہ مومنٹم کو برقرار رکھا جائے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بولنگ اچھی ہو ئی، بیٹسمینوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، محمد حفیظ اور بین ڈنک تجربہ کار ہیں جس کا ثبوت انہوں نے بیٹنگ کے دوران دیا۔
سمت پٹیل نے مزید کہا کہ ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیلی، پریس میں لوگ کہہ رہے ہیں کہ لاہور قلندرز متحد نہیں ہے، میں کہتا ہوں کہ لاہور قلندرز سو فیصد ایک یونٹ ہے، متحد ہے۔
سمت پٹیل نے کہا کہ لاہور قلندرز ایسے ہی کرکٹ کھیلتی ہے، جو کہ بہت پر جوش ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ لاہور قلندرز کے فینز کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے اور وہ اسے فالو کرتے ہیں۔