کھیل
Time 16 مارچ ، 2020

ملتان سلطانز کے خلاف ایک اچھا کمبی نیشن میدان میں اتاریں گے، وہاب ریاض

اب ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے ، جو غلطیاں ہم سے ہوئیں انہیں دور کرنا ہوگا، کپتان پشاور زلمی— فوٹو: جیو نیوز

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔

پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا پہلا سیمی فائنل منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

سیمی فائنل دوپہر دوبجے شروع ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز نے پہلی جبکہ پشاور زلمی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔

زلمی کے کپتان فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ ملتان سلطانز کے خلاف اہم میچ ہے ایک اچھا کمبی نیشن میدان میں اتاریں گے اب ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے جو غلطیاں ہم سے ہوئیں انہیں دور کرنا ہوگا ہم اس سے قبل ملتان سلطانز سے ہارے ضرور ہیں لیکن ان میچز میں ہم سے غلطیاں ہوئیں اب غلطی کا وقت نہیں ہے سیمی فائنل ایک نیا میچ ہے اور اسے اسی کے مطابق کھیلنا ہوگا۔

کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ ہمارے غیر ملکی کھلاڑی واپس چلے گئے ہیں لیکن اب ہم اس بارے نہیں سوچ رہے ایک اچھا کمبی نیشن میدان میں اتاریں گے سکندر رضا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، بیٹنگ لائن اپ میں ان کی موجودگی کا فائدہ ہوگا، ڈیرن سیمی کو کھلانے کے بارے میں وہاب ریاض نے کہا کہ وہ دستیاب ہیں انہیں کھلانے کا چانس بھی ہے وہ ٹریننگ کررہے ہیں دیکھتے ہیں کہ وہ کیسے کھیلتے ہیں۔

وہاب ریاض نے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کیے گئے تھے ان پر فوری طور پر دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا تھا اس لیے پلان کے مطابق وہ ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کے لیے آئے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ کورونا وائرس پھیل رہا ہے، ایسے میں سب کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، لوگوں کی صحت کا خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے کراؤڈ کو مِس کریں گے کیونکہ پی ایس ایل کے دروان کراؤڈ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آیا اب ہمیں امید ہے کہ شائقین ٹی وی پر میچز دیکھیں گے۔

کپتان پشاور زلمی نے کہا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے وہ لاہوری ہیں فائنل میں لاہور قلندرز کے ساتھ مقابلہ چاہیں گے۔

مزید خبریں :