16 مارچ ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) فائیو کی ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے خلاف سیمی فائنل ایک تگڑا میچ ہوگا۔
پی ایس ایل کا پہلا سیمی فائنل منگل کو دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا اور تیاریوں کو حتمی شکل دی جبکہ دیگر دو سیمی فائنلسٹ ٹیموں لاہورقلندرز اور کراچی کنگز نے آرام کو ترجیح دی۔
کپتان ملتان سلطانز شان مسعود کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے جانے کے باوجود پشاور زلمی ایک مضبوط ٹیم ہے، ٹیم میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ کے بڑے نام ہیں یہ ایک تگڑا میچ ہوگا۔
شان مسعود نے کہا کہ ہمارے دو غیر ملکی کھلاڑی واپس گئے ہیں تین کھلاڑیوں کی خدمات ابھی حاصل ہیں، ہمارا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے جانے سے زیادہ فرق نہیں پڑا۔
شان مسعود نے کہا کہ خوشدل شاہ اور روحیل نذیر بھی لاہور قلندرز کے خلاف جاندار کھیلے ہمارے پاس آپشنز ہیں ایک اچھا کمبی نیشن اتاریں گے۔
شان مسعود کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں اوور کانفیڈنٹ نہیں تھے، لاہور قلندرز اچھا کھیلی وہ ایک مضبوط ٹیم ہے، سب نے اچھی بولنگ کی کوشش کی لیکن کرس لین اور فخر زمان سامنے کھڑے تھے۔
شان مسعود نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورت حال میں ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا سب کو احتیاط کرنے ضرورت ہے۔