20 اپریل ، 2020
ملک بھر کے علماء و مشائخ نے لاک ڈاؤن سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے مؤقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت تمام مسالک کے علماء ومشائخ کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پیر امین الحسنا ت شاہ، مولاناحنیف جالندھری، علامہ راجہ ناصر عباس ، مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر مفتی منیب الرحمان، مفتی تقی عثمانی اور علامہ شہنشاہ نقوی بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔
علماء و مشائخ نے احتیاطی تدابیر کے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور عوام سے اپیل کی کہ رمضان میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ عبادت کی جائے۔
وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ اگلا جمعہ یوم توبہ اور یوم رحمت کے طور پر منایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے دوران صدر اور علماء کی ملاقات میں طے پانے والے 20 نکاتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اعلامیے کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوگی۔