30 اپریل ، 2020
ملک میں کورونا وائرس سے مزید 18 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 361 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 16473 تک جا پہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 122 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 112 اور پنجاب میں 106 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 969 کیسز سامنے آئے ہیں اور 18 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 358 کیسز 12 ہلاکتیں، پنجاب 513 کیسز 6 ہلاکتیں، اسلام آباد 16 کیسز، بلوچستان 75 کیسز ، گلگت بلتستان میں 6 اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
صوبے میں آج کورونا وائرس کے مزید 358 کیسز سامنے آئے ہیں اور 12 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 6053 اور اموات 112 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 53مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1222 ہوگئی ہے۔
پنجاب سے آج کورونا کے مزید 513 کیسز سامنے آئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6340 اور ہلاکتیں 106 ہوگئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 3441 عام شہری میں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1921 ہوگئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 313 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں آج بروز جمعرات اب تک کورونا کے مزید 75 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کےمطابق صوبےمیں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1049 ہوگئی ہے جب کہ 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 180 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔
آزاد کشمیر سے آج کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 66 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمعرات کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے البتہ بدھ کو کورونا وائرس کے 153 نئے کیسز اور 8 اموات سامنے آئیں تھیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2313 اور ہلاکتیں 122 ہوگئیں۔
خیبرپختونخوا میں اب تک 614 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 339 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق اب تک 248 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے ادویات کی منظوری دے دی۔
سی ای او ڈریپ عاصم رؤف کے مطابق کونویلسینٹ پلازمہ کے استعمال سے کورونا کے مرض کے علاج کی منظوری دی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہےکہ کورونا کے مقابلے میں ہماری طاقت بہتر ہوتی جارہی ہے، لاک ڈاؤن کتنا ہونا چاہیے یہ بحث دنیا کے ہر ملک میں ہورہی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف نے کہا ہے کہ ہماری حکمت عملی یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرکے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں۔ مزید پڑھیں۔۔
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع 30 اپریل سے بڑھا کر 15 مئی تک کر دی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم بھی جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔