08 جون ، 2020
پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابرا عظم کا کہنا ہے کہ میدان میں جانے سے 5 منٹ قبل وہ اپنی اننگز کو پلان کرتے ہیں خواہ میچ کلب کرکٹ کا ہو، فرسٹ کلاس کرکٹ کا یا انٹر نیشنل ہو۔
قائد اعظم ٹرافی کی سینٹرل پنجاب ٹیم کے ویڈیو سیشنز کا سلسلہ ان دنوں جا ری ہے۔ بولرز اور بیٹسمینوں کے الگ الگ سیشنز بھی ہو رہے ہیں۔ اسی طرح کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم منیجمنٹ الگ الگ سیشنز بھی کر رہی ہے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں ٹیسٹ کے کپتان اظہر علی بھی کھیلتے ہیں اور ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان بابر اعظم بھی سینٹرل پنجاب کا حصہ ہیں۔
سینٹرل پنجاب کی منیجمنٹ نے پہلے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے ساتھ ویڈیو سیشن کیا اور بابر اعظم کے ساتھ بھی ویڈیو سیشن مکمل کر لیا ہے۔ ہیڈ کوچ اعجاز جونئیر اور کوچ سمیع نیازی نے بھی سیشن میں حصہ لیا۔ ہیڈ کوچ سینٹرل پنجاب اعجاز جونئیر نے بابرا عظم کے ساتھ بیٹنگ تکنیک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور مختلف موضوعات پر گفتگو بھی کی اوربابر اعظم نے اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔
اعجاز جونئیر نے بابرا عظم کی سینٹرل پنجاب میں موجودگی کو اہم قرار دیا۔ بابرا عظم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹسمین ہیں جبکہ بیک وقت تینوں فارمیٹ کے ٹاپ فائیو میں شامل میں ہونے والے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ بابرا عظم حالیہ برسوں میں پاکستان کے کامیاب ترین بیٹسمین کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
بابر اعظم نے اپنی کامیابی کے حوالے سے بتایا کہ سب میچز کی تیاری یکساں ہوتی ہے ۔ کلب میچ ہو یا فرسٹ کلاس یا انٹر نیشنل میچ ہو، سب میچز میں پلان کر کے کھیلتا ہوں، کلب کرکٹ میں کنڈیشنز کا فرق ہوتا ہے، وہ کنڈیشنز نہیں ہو تیں جو فرسٹ کلاس اور انٹرنیشنل لیول میں ہو تی ہیں اس لیے کلب کرکٹ میں تھوڑا مارجن مل جاتا ہے لیکن میں ہر سطح پر پلان کے مطابق کھیلتا ہوں۔ میں خود کو ذہنی طور پر تیار کر کے کھیلتا ہوں، میری توجہ میں کوئی فرق نہیں آتا، توجہ کا لیول ایک سو دس فیصد ہی رکھنا پڑتا ہے اور میں رکھتا ہوں۔
بابر اعظم نے کہا کہ میں اننگز کھیلنے کا پلان کرتا ہوں اس کے لیے پانچ منٹ ہی کافی ہو تے ہیں ، گراؤنڈ میں جانے سے پہلے میں پلان کرتا ہوں اور اس کے لیے چار پانچ منٹ چاہیے ہوتے ہیں ، اس دوران آپ سوچتے ہیں کہ کیا صورتحال ہے ، آپ نے کیسی بیٹنگ کرنی ہے ، کیسے وکٹ پر جا کر اپلائی کرنا ہے۔