دوران کال صارف کے کان میں ایپل کے ائیر پوڈز پھٹ گئے

فائل فوٹو

اکثر آپ نے اسمارٹ فونز کو چارجنگ کے دوران استعمال کرتے وقت پھٹ جانے سے متعلق حادثات تو سنے ہوں گے لیکن اب حال ہی میں ایک صارف کے دوران کال ایپل کے ائیر ہوڈز پھٹ جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

ویبو کی رپورٹ کے مطابق ایک صارف کال پر بات کر رہا تھا کہ اس دوران اس کے ایپل کے ائیرپوڈز کان میں ہی پھٹ گئے۔

فوٹو: بشکریہ پرو پاکستانی 

واقعے پر متاثرہ شخص فوری اسپتال پہنچاجہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ اس کے کان کی جلد متاثر ہوئی ہے جب کہ اس کے کان میں تکلیف سے اس کی سماعت بھی متاثر ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ متاثرہ شخص کے کان میں مزید تکلیف کے بعد ڈاکٹر نے بتایا کہ کان کے کارٹلیج میں خون بھی جم گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پھٹنے والے ایپل ائیرپوڈز بظاہر جھلسے ہوئے نہیں ہیں لیکن اس پر دراڑ واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ اس نے یہ ائیر پوڈز ایپل کے اسٹور سے 180 ڈالرز میں خریدے تھے۔

ایپل کمپنی نے تفتیش اور ائیر پوڈز کے پھٹنے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ائیر پوڈز کو اپنے پاس رکھ لیا ہے جب کہ کمپنی نے صارف کے نقصان کا ازالہ کرنے کا بھی کہا ہے۔