وزیراعلیٰ کے پی نے اجمل وزیر کے معاملے پر 3 رکنی کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی

کیمٹی تین ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں ایک ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ پولیس افسر اور ریٹائرڈ بیورو کریٹ شامل ہوگا: شوکت یوسفزئی— فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سابق مشیر اطلاعات اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو کے معاملے پر  3 رکنی کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی۔

اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی منظوری دی ہے۔ 

صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے جیونیوز کو بتایا کہ کیمٹی تین ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں ایک ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ پولیس افسر اور ریٹائرڈ بیورو کریٹ شامل ہوگا۔

کمیٹی کیس کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، قومی احتساب بیورو (نیب) یا اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے سے متعلق وزیراعلیٰ کو تجویز دے گی۔

شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ کیمٹی بنانا خوش آئند ہے اور  تحقیقات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کی ایک آڈیو ٹیپ سامنے آئی تھی جس میں وہ اشتہاری ایجنسی سے کمیشن کے معاملے پر بات کررہے ہیں جس کے بعد وزیراعلیٰ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

صوبائی محکمہ اطلاعات کی رپورٹ کے مطابق اجمل وزیر نے اسٹیئرنگ کمیٹی کا ممبر نہ ہونے کے باوجود دونوں میٹنگز میں وزیرصحت تیمور سلیم جھگڑاکے ساتھ مشترکہ صدارت کرکے اسٹیئرنگ کمیٹی کے رولز کی خلاف ورزی کی، اس حوالے سے اجمل وزیر کے دستخط میٹنگ منٹس پر موجود ہیں۔

مزید خبریں :