14 جولائی ، 2020
خیبرپختونخوا میں پولیو کے ٹائپ ٹو وائرس نے دوبارہ سراٹھالیا ہے اور رواں سال صوبے میں پولیو ٹائپ ٹو کے 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں پولیو کے ٹائپ ٹو وائرس کے 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ صوبے کے 10 اضلاع سے سامنے آئے ہیں، 2019ء سے لے کر اب تک صوبے میں پولیو ٹائپ ٹو کے مجموعی طور پر 57 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال صوبے میں پولیوٹائپ ون کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے ضلع لکی مروت سے 12 کیسز سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر عبدالباسط نے جیو نیوز کوبتایا کہ 2016ء میں پولیو کے ٹائپ ٹو وائرس کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا لیکن پھر 2019ء کے وسط میں پولیو ٹائپ ٹو کیسسز سامنے آئے، ان کیسسز کے سامنے آنے کی بڑی وجہ بچوں کا ایک شہر سے دوسرے شہرکا سفر کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 5 ماہ سے صوبے میں انسداد پولیو مہم نہیں چلائی جاسکی ہے۔
کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ 20 جولائی سے جنوبی وزیرستان میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم شروع کررہے ہیں اور مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 78 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے جس کے بعد صوبہ بھر میں مرحلہ وار پولیو مہم جاری رہے گی۔