پاکستان
Time 14 جولائی ، 2020

اجمل وزیر کے آڈیو ٹیب کے معاملے پر 3 رکنی انکوائری کمیشن قائم

خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ محمود خان کے سابق مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کی آڈیو  ٹیپ اور ان کے دور میں ہونے والی پروکیورمنٹ کے حوالے سے تحقیقات کے لیے  ریٹائرڈ بیوروکریٹ صاحبزادہ سعید کی سربراہی میں 3 رکنی انکوائری کمیشن قائم کردیا۔

انکوائری کمیشن کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق کمیشن کے سربراہ ریٹائرڈ بیوروکریٹ صاحبزادہ سعید جب کہ ریٹائرڈ جج محمد بشیر اور ریٹائرڈ ڈی آئی جی طارق جاوید بھی کمیشن میں شامل ہوں گے۔ 

کمیشن آڈیو کلپ کا فارنزک تجزیے کے ذریعے حقائق معلوم کرے گا جب کہ آڈیو کلپ میں کی گئی باتوں کے حوالے سے اشتہار دینے کے معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

کمیشن حکومتی خزانہ کو پہنچنے والے نقصان سے بھی آگاہ کرے گا اور اجمل وزیر کی بحیثیت مشیر اطلاعات کے دور میں ہونے والی تمام پروکیورمنٹ کی شفافیت بھی جانچے گا۔

کمیشن 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ کو جمع کرائے گا جب کہ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ظاہر شاہ کو سیکرٹریٹ سے درکار معلومات کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اسپیشل برانچ، فارنزک سائنس لیب، اینٹی کرپشن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرورت پڑنے پر کمیشن کو مکمل سپورٹ فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کی ایک آڈیو ٹیپ سامنے آئی تھی جس میں وہ اشتہاری ایجنسی سے کمیشن کے معاملے پر بات کررہے ہیں جس کے بعد وزیراعلیٰ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

صوبائی محکمہ اطلاعات کی رپورٹ کے مطابق اجمل وزیر نے اسٹیئرنگ کمیٹی کا ممبر نہ ہونے کے باوجود دونوں میٹنگز میں وزیرصحت تیمور سلیم جھگڑاکے ساتھ مشترکہ صدارت کرکے اسٹیئرنگ کمیٹی کے رولز کی خلاف ورزی کی، اس حوالے سے اجمل وزیر کے دستخط میٹنگ منٹس پر موجود ہیں۔

مزید خبریں :