Time 05 اگست ، 2020
دنیا

'دھماکے میں گندم کا بڑا ذخیرہ تباہ، لبنان کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے'

پاکستان میں لبنان کے سفیر ویزکن کیولیکین کا کہنا ہے کہ بیروت بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے میں گندم کا بڑا ذخیرہ تباہ ہو گیا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے لبنانی سفیر ویزکن کیولیکین کا کہنا تھا کہ گندم کا بڑا ذخیرہ بندرگاہ پر تباہ ہونے کے باعث ہمیں غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے سے بیروت پورٹ کی برتھیں تباہ ہو گئیں، اس دھماکے کو ہیروشیما کی طرح بیروت شیما کہا جا رہا ہے۔

لبنانی سفیر کا کہنا تھا کہ بیروت دھماکے سے وزارت خارجہ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے سے وزارت کی عمارت کی ایک چھت اڑ گئی۔

ویزکن کیولیکین نے بتایا کہ ابھی لاشیں ملبے تلے دبی ہیں جنہیں نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب کہ بیروت کے اسپتالوں میں زخمیوں کے لیے جگہ باقی نہیں رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر اسلحے کے گودام میں زوردار دھماکے ہوئے تھے جنہیں 24 کلو میٹر دور تک سنا گیا تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں اب تک 100 افراد ہلاک اور 4000 زخمی ہو چکے ہیں جب کہ بندرگاہ اور آس پاس کی عمارتوں سمیت گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

مزید خبریں :