سیکیورٹی خدشات: بڑے ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں کمانڈوز تعینات

پاکستان ریلوے نے مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کے بڑے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں کمانڈوز  تعینات کردیے۔

لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب منگل کے روز ایک دہشت گرد کی گرفتاری کے بعد ریلوے پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور  ملک بھر کے تمام بڑے اسٹیشنوں پر مسافروں اور ان کے سامان کی سخت چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔

کسی بھی ہنگامی صورت حال سے  نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ مرد اور خواتین کمانڈوز کی بھاری نفری ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں تعینات کر دی گئی ہے اور ہر ٹرین میں 8 تربیت یافتہ کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں، انجن کی حفاظت بھی ان کی ذمہ داری ہوگی۔

اسٹیشن کی حدود میں داخل ہونے والے ہر شخص کی واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کی جا رہی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی ریلوے اسٹیشنوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ مشکوک افراد اور سامان نظر آنے پر پولیس فوری حرکت میں آجائے۔

 واضح رہے کہ گذشتہ منگل کو  انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب سے کالعدم تنظیم کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد  کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور دستی بم بھی برآمد کیا گیا ہے اور وہ  اپنے ساتھی خود کش حملہ آور کا انتظار کررہا تھا اور اس کا ہدف حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔

مزید خبریں :