پاکستان
Time 01 ستمبر ، 2020

وفاق سندھ حکومت کی مدد کرنا چاہتا ہے: گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں تمام کام صوبائی حکومت کے ہیں اور وفاق سندھ حکومت کی مدد کرنا چاہتا ہے۔

کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بارشوں سے اندرون سندھ اور کراچی میں زیادہ تباہی ہوئی، کراچی میں نالوں پر قبضے ہیں، کسی نے الاٹ کیے ہوں گے، کراچی میں نالوں کی صفائی نہیں ہوئی، کوئی تو ذمے دار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تمام کام صوبائی حکومت کے ہیں، وفاق سندھ حکومت کی مدد کرنا چاہتا ہے کہ مل کر کام کریں جب کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز کی میٹنگ میں کراچی کے لیے ایک پلان بنایا ہے، پلان تمام اسٹیک ہولڈرز سے شیئر کیا جائے گا۔

گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کراچی آکر پلان بتائیں گے، کراچی میں بہت سے لوگ ہیں جو ایماندار ہیں، دیانت دارہیں اور کام کرنے والے ہیں، ایک گھنٹے کی بارش میں پورا کراچی ڈوب جاتاہے، پیسہ لگے یا جان لگے، ہم سب نے مل کر کراچی کو ٹھیک کرنا ہے، وفاق جو کررہاہے این ایف سی ایوارڈ پر کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب اور ان کے دوست یہاں کے مکینوں کے لیے ریلیف پیکج لائیں ہیں، یہ لوگ ایک لاکھ افراد تک راشن پہنچائیں گے جب کہ اخوت فاؤنڈیشن کی مدد سے سندھ میں 10ہزار لوگوں کوبلاسود قرضہ دیں گے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہناتھا کہ سندھ کے لوگ ہمارےبھائی بہن ہیں، ان کے دکھ درد میں شریک ہیں، سندھ کے عوام سے اظہاریکجہتی کے لیےیہاں آیا ہوں، سندھ کے لوگوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، مشکل وقت میں سندھ کے عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں بھی راشن فراہم کریں گے اور ہم ایک لاکھ راشن بیگس تقسیم کریں گے، راشن بیگز میں ایک ماہ کا مکمل راشن موجود ہوگا۔

مزید خبریں :