پاکستان
Time 01 ستمبر ، 2020

وزیراعظم جمعہ کو کراچی پہنچیں گے، شہر کیلئے بڑے پیکج کا اعلان متوقع

وزیراعظم عمران خان جمعہ کو کراچی کا دورہ کریں گے جہاں ان کی جانب سے شہر کے لیے بڑے پیکج کا اعلان متوقع ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کو کراچی میں غیر معمولی مون سون کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دو دن بعد کراچی جارہا ہوں اور حالات کا خود جائزہ لوں گا، کراچی میں ٹرانسپورٹ، سیوریج سمیت تمام مسائل کو حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی مشکلات کا ادراک ہے، وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل مہیا کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے دورے کے دوران کراچی کے لیے بڑے پیکج کا اعلان متوقع ہے۔

خیال رہے کہ 27 اگست کو ہونے والی بارش کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں اب تک پانی کھڑا ہے جس میں سرجانی ٹاؤن، ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بارش کے بعد شہر کے نالے اوورفلو ہوگئے تھے اور کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا، بارش کی وجہ سے شہر بھر کی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جنہیں نئے سرے سے تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :