آن لائن اشتہار پر آنے والے خریداروں نے گھر لوٹ لیا

متاثرہ شخص کے مطابق  پولیس افسر نے مشورہ دیا کہ اگر ایف آئی آر درج کرائی تو تھانہ کچہری کے چکر کاٹتے رہ جاؤ گے، فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں آن لائن ویب سائٹ پر پرانا سامان بیچنے کا اشتہار دیکھ کر آنے والے ملزمان گھر لوٹ کر فرار ہوگئے۔

گلستان جوہر بلاک 13  کے رہائشی مقامی کمپنی میں ملازم عدنان جاوید نے بتایاکہ انہوں نے گھر تبدیل کرنا ہے جس کے لیے اہل خانہ نے پرانا گھریلو سامان بیچنے کا کہا اور ایک آن لائن ویب سائٹ پر سامان کا اشتہار دے دیا۔ 

 کچھ سامان ایک فیملی خرید کر لے گئی جب کہ جمعے کو دیگر دو افراد آئے اور بقیہ سامان خریدنے کا کہا، دونوں نے بیعانہ دیا اور ہفتے کو دوبارہ آنے اور رقم ادا کرکے سامان لے جانے کا کہا۔

 عدنان کے مطابق ہفتے کی صبح دونوں افراد ان کے گھر آئے، انہوں نے دونوں کو پہچان کر انہیں گھر میں بلوالیا ، دونوں نے کارپینٹر کے آنے کاکہا اور انتظار کرنے لگے، تھوڑی دیر میں کارپینٹر ایک ساتھی کے ہمراہ آیا تو انہوں نے سامان لوڈ کرنے کے لیے سوزوکی والے کے آنے کا کہا۔ 

متاثرہ شخص کے مطابق کچھ دیر میں گاڑی والا بھی اپنے ساتھی کے ہمراہ آیا اوریوں 6 افراد جمع ہوئے تو سودا کرنے والے دونوں افراد نے اسلحہ نکال لیا اور تمام گھر والوں کو یرغمال بنا کر دو گھنٹے تک گھر میں لوٹ مار کی۔ 

ملزمان نے 5 لاکھ نقد، 6 لاکھ روپے کے زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا جب کہ عدنان جاوید  سے اے ٹی ایم کارڈ لیا اور پِن کوڈ حاصل کرکے دو افرادباہر چلے گئے اوراے ٹی ایم مشین سے ان کے بینک اکاؤنٹ سے 50 ہزار روپے نکلوا لیے۔ 

رسید میں باقی رقم 3 لاکھ روپے درج دیکھی تو ملزمان نے مزید 3 لاکھ روپے نکلوانے کے لیے انہیں 6 دن تک کا الٹی میٹم دیا اور اے ٹی ایم کارڈ بند کرنے کی صورت میں سب گھر والوں کو مارنے کی دھمکی دی اور فرار ہوگئے۔

 عدنان کے مطابق انہوں نے فوری طور پر پولیس کو واردات کی اطلاع دی، پولیس اہلکار گھر آئے معائنہ کرکے تھانے آنے کاکہہ کر چلے گئے۔

متاثرہ شخص کے مطابق وہ شارع فیصل تھانے گئے تو ان سے درخواست لے کرگھر روانہ کردیا گیا اور پولیس نے ایف آئی آر تک درج نہیں کی۔ 

عدنان کا کہنا ہے کہ پولیس افسر نے مشورہ دیا کہ اگر ایف آئی آر درج کرائی تو تھانہ کچہری کے چکر کاٹتے رہ جاؤ گے،گھر جاکر انتظار کرو ملزمان پکڑے گئے تو اگلی کارروائی کریں گے۔ 

ملزمان کے فون نمبر ہونے کے باوجود ساڑھے 11 لاکھ روپے سے محروم ہونے والا خاندان ملزمان کے پکڑے جانے اور اگلی کارروائی کا منتظر ہے۔

مزید خبریں :