21 ستمبر ، 2020
لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس کو ایک بار پھر درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر میڈیکل بورڈ کو بیوقوف نہیں بنایا گیا۔
گزشتہ روز کُل جماعتی کانفرنس میں سابق وزیر نواز شریف کی تقریر پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اچھی بات ہے کہ نواز شریف بغیر علاج کے ٹھیک ہو رہے ہیں۔
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ ہے، اگر نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر تنقید کے حوالے سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نہ تو نواز شریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس جعلی ہیں اور نہ ہی میڈیکل بورڈ کو بیوقوف بنایا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 16 نومبر کو لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا اور انہیں علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی جس کے بعد وہ 19 نومبر 2019 کو لندن روانہ ہو گئے تھے۔