پاکستان

پی آئی اے ٹکٹ نہ ملنے پر سعودیہ میں کام کرنیوالے پاکستانیوں کے بیروزگار ہونےکاخدشہ

سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی اکثریت کے اقامے کی مدت 30 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے تاہم پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ٹکٹ نہ ملنے کے باعث ہزاروں پاکستانیوں کے بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں پھنس جانے والے ہزاروں پاکستانی پی آئی کے ٹکٹ ملنے کے انتظار میں ہیں تاہم انہیں ٹکٹ نہیں مل رہا جس کی وجہ سے اقامے کی مدت ختم ہونے سے قبل سعودی عرب میں واپس روزگار پر پہنچنے کی امید دم توڑ گئی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں پی آئی اے دفاتر کے باہر  سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کی قطاریں لگی ہیں جو صورت حال سے انتہائی مایوس نظر آتے ہیں، ان کا کہنا ہےکہ 45 ہزار کا ٹکٹ 2 لاکھ میں بھی نہیں مل رہا، ملازمت پر واپس نہ جاسکے تو کیا ملک میں روزگار ملےگا؟ خاندان کا کیا ہوگا؟

دن رات پی آئی اے دفاتر کے باہر گزارنے والے مزدوروں کا مستقبل تاریک ہوتا دکھائی دینے لگا ہے اور پی آئی اے دفاتر کے باہر عوام اور عملے کا جھگڑا معمول کی بات ہے، کبھی مظاہرہ شروع ہو جاتا ہے توکبھی پی آئی اے دفتر کا عملہ دفتر سے باہر سرعام پاسپورٹ و صول کرتا بھی نظر آتا ہے۔

بہاولپور میں کورونا وائرس کی وجہ سے پھنسے سعودی عرب میں کام کرنے  والے  سیکڑوں مزدوروں نے  پی آئی اے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ  کئی روز سے چکر لگا رہے ہیں مگر پی آئی اے کا عملہ سعودی عرب واپس جانے کے لیے ہمارے ٹکٹ کنفرم نہیں کر رہا، اگر وقت پر سعودی عرب نہ پہنچے تو  اقامے منسوخ ہو جائیں گے اور ویزے کینسل۔

مظاہرین نے پی آئی اے عملے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے والے ٹریول ایجنٹس کو تو کنفرم ٹکٹیں دے رہے ہیں اور ٹریول ایجنٹس یہ ٹکٹیں بلیک میں فروخت کر رہے ہیں، ہمارے پاس مارچ کے مہینے کی واپسی کی ٹکٹیں ہے جو کہ کنفرم نہیں کی جا رہی ہیں کیونکہ مارچ کے مہینے میں سعودی عرب کی ٹکٹ کا ریٹ کم تھا۔

دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عملہ ٹکٹ بلیک میں فروخت نہیں کر رہا ہے، اگر ثبوت کے ساتھ شکایت کی جائے تو ایکشن لیا جائے گا۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ طلب اور مانگ میں فرق ہونے پر ٹکٹ کی دستیابی میں مشکل ہوئی جب کہ  پی آئی اے کے کرائے دیگر ائیر لائنز کے مقابلے میں کم ہیں اس لیے بھی لوگ پی آئی اے کا رخ کر رہے ہیں۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے سعودی حکام سے رابطے میں ہیں، سعودی حکام سے 30 ستمبر تک معیادختم ہونے والے اقامے بڑھانےکی درخواست کی ہے۔

مزید خبریں :