06 اکتوبر ، 2020
فیس بک کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے سوشل میڈیا پر بدکلامی اور نازیبا گفتگو کو روکنے لیے ایک ایسا اقدام کیا ہے جس سے اب آپ کی پوسٹ پر آنے والے نازیبا کمنٹس خودبخود غائب ہوجائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اب نازیبا گفتگو اور بدکلامی کو فروغ دینے والے کمنٹس خود بخود غائب ہوجائیں گے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے کمنٹس جنہیں ماضی میں صارفین کی جانب سے رپورٹ یا بلاک کیا گیا ہے اب انسٹاگرام پر ایسے کمنٹس خودبخود غائب ہوجائیں گے۔
انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ کمپنی مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) سسٹم کے تحت نازیبا اور بدکلامی کو فروغ دینے والے کمنٹس کی نشاندہی کرے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین غائب ہونے والے کمنٹس کو اس وقت دیکھ سکیں گے جب وہ ’ویو ہڈن کمنٹس‘ پر کلک کریں گے تو انہیں چھپے ہوئے کمنٹس نظر آجائیں گے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر بدکلامی اور نازیبا گفتگو کی روک تھام کے لیے متعدد ایپس آئے روز نئے فیچرز متعارف کرا رہی ہیں۔