13 اکتوبر ، 2020
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر پھٹ پڑے۔
ذرائع کے مطابق مراد سعید نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابراور وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان پر تنقید کرتے ہوئےکہاکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافےکے ذمہ دار آپ لوگ ہیں۔
مراد سعیدکاکہنا تھاکہ یہاں فیصلے کچھ ہوتے ہیں لیکن بجلی گیس میں ریلیف نہیں ملتا اور قیمتیں بڑھادی جاتی ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نومبر دسمبر میں آٹا مزید مہنگا ہوسکتا ہے، ادویات مہنگی ہونے کی وجہ سے بھی لوگوں کی باتیں سننا پڑتی ہیں، بتایا جائے ادویات کیوں مہنگی ہوئیں؟
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے، حل کرکےدم لیں گے، اس موقع پر ان کایہ بھی کہنا تھاکہ شیخ رشید کی کارکردگی سب سے اچھی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سےمعاملات بہتر کرنے کا کہہ دیا ہے۔
کابینہ اجلاس میں وزراء نے بڑھتی مہنگائی پر ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کرے گی،ساری صورت حال خود مانیٹرکر رہے ہیں، دیکھتے ہیں اب مافیاکیاکرتا ہے۔