02 نومبر ، 2020
جنوبی افریقا کے کرکٹر فاف ڈوپلیسی بھی پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بن گئے، وہ پلے آف میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے جبکہ بنگلا دیش کے تمیم اقبال لاہور قلندرز اور محمود اللہ ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے معطل ہونے والی پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز میں 21 غیر ملکی کھلاڑی لیگ میں شامل ہوگئے۔
جنوبی افریقی کرکٹر فاف ڈوپلیسی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے، وہ 2017 میں ورلڈ الیون کے کپتان کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں اور پہلی بار پی ایس ایل کے ساتھ جڑے ہیں۔
انہیں ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کی جگہ پشاور زلمی میں شامل کیا گیا ہے۔ کیرون پولارڈ اپنی قومی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔
پی ایس ایل فائیو کے پلے آف 14 ، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے، جس میں جنوبی افریقا سے 7 ، انگلینڈ کے 6 ، ویسٹ انڈیز کے 4 ، بنگلہ دیش کے دو جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔
کرس لین لاہور قلندرز میں شامل نہیں ہیں ان کی جگہ تمیم اقبال لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔
لاہور قلندرز کو بین ڈنک، ڈین ولاز ، ڈیوڈ ویئسا اور سمت پٹیل کی خدمات حاصل ہوں گی۔
ملتان سلطانز کو 6، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کو 5،5 غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، بنگلہ دیش کے محمود اللہ پلے آف میں ملتان سلطانز کو دستیاب ہیں۔