04 دسمبر ، 2020
ہاکی کی عالمی تنظیم (ایف آئی ایچ) نے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے کوالیفائنگ طریقہ کار کی تصدیق کردی ہے۔
ایف آئی ایچ کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ہاکی ورلڈ کپ میں ٹیموں کے لیےکوالیفائنگ روٹ کا فیصلہ ہوگیا ہے جس کے مطابق کسی کوالیفائنگ راؤنڈ کی بجائے براہ راست براعظمی ٹورنامنٹ کی درجہ بندی کی بنیاد پر ٹیمیں بھارت میں ہونے والے 2023 ہاکی ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی۔
ایشیا سے میزبان بھارت سمیت 4 ٹیمیں ورلڈ کپ کھیلیں گی اور یورپ سے 7 ٹیمیں میگا ایونٹ میں جگہ بنائیں گی جبکہ براعظم آسٹریلیا اور جنوبی اور شمالی امریکا سے دو، دو اور افریقا سے ایک ٹیم ورلڈ کپ کھیلے گی۔
ایف آئی ایچ نے اس سے قبل جون میں فیصلہ کیا تھا کہ 11 ٹیمیں بر اعظمی درجہ بندی اور 5 ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی۔
2018 کے ورلڈ کپ کے لیے ہر براعظم سے ایک ایک کانٹی نینٹل چیمپئن ٹیم نے ورلڈ کپ میں جگہ بنائی تھی، ایشیا کپ بھارت نے جیتا تھا جو اس وقت بھی میزبان تھا اس لیے اس کی جگہ ورلڈ ہاکی لیگ میں سے چین کو ورلڈ کپ میں جگہ دی گئی تھی۔
دیگر 10 ٹیموں نے بھی کوالیفائنگ ایونٹ ہاکی ورلڈ لیگ کھیل کر ہی ورلڈ کپ میں جگہ بنائی تھی ۔
نئے قوانین کے مطابق پاکستان کو جگہ بنانے کے لیے ایشیا کپ میں کم از کم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
اگر انڈیا سیمی فائنل تک نہیں آتا تو پاکستان کا ٹاپ تھری میں آنا ضروری ہوگا۔