Time 07 دسمبر ، 2020
پاکستان

پاکستان: کورونا سے مزید 37 اموات، 5 ماہ کے بعد ایک دن میں ریکارڈ کیسز رپورٹ

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 37 افراد انتقال کرگئے جب کہ ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39076 ٹیسٹ کیے گئے جن 3795 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 37 افراد انتقال کرگئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 9.71 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز 5 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

اسکرین شاٹ سرکار پورٹل

اس سے قبل 3 جولائی کو ملک میں کورونا کے 4087 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8398 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 20294 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 55354 ہے۔

اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1530 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 356542 ہوئی ہے۔

اسکرین شاٹ سرکار پورٹل

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 184486 ہوگئی ہے جب کہ 3019 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 123762 ہے اور 3177 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17466 اور ہلاکتیں 169 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 49676 اور 1413 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 7356 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 181 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4732 اور 98 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 32816 ہے اور اب تک 341 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :