Time 08 فروری ، 2021
پاکستان

وزیراعظم کے بہنوئی کے پلاٹ کا قبضہ دلوادیا گیا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بہنوئی کے پلاٹ کا قبضہ لے کر دے دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے بتایا کہ اندھے قتل اور ڈکیتی کے 4 مختلف مقدمات میں ملوث آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ  رائیونڈ میں بہن اور بہنوئی کے دوہرے قتل میں ملوث دو ملزمان جبکہ دو روز قبل مقتولہ رخسانہ بی بی کے قتل میں ملوث اس کا بھائی ذوالفقار علی بھی گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل چار سالہ بچے عبدالرحمان کو اغواء اور قتل کرنے والا ملزم آصف بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دوران پریس کانفرنس ڈی آئی جی شارق جمال کا کہنا تھاکہ عمران خان کے بہنوئی کے کیس میں ملزمان کو گرفتار کر کے قبضہ ان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس کیس کے تمام ملزمان کا چالان بھی مکمل کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اقتدارمیں آکر کئی بار انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سے اپنے بہنوئی کے پلاٹ سے قبضہ چھڑانے کی بات کی لیکن قبضہ برقرار رہا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھاکہ ایک دن قبضہ مافیا نے بہنوئی کے برابر والے پلاٹ کے مالک کو گولی مار دی، اس واقعے کے بعد میں نے عمر شیخ کو بطور سی سی پی او لاہور لانے کا فیصلہ کیا۔

مزید خبریں :