Time 09 مارچ ، 2021
پاکستان

فوڈ اسٹریٹ کی وجہ سے برنس روڈ بند ہے تو کونسا روڈ کھلا ہے؟ ٹریفک پلان طلب

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے فوڈ اسٹریٹ بننے کے باعث برنس روڈ بند ہونے پر ٹریفک پولیس حکام سے ٹریفک پلان طلب کرلیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے ڈی ایس پی ٹریفک عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ شام 6 بجے سے سڑک بند ہوتی ہے جس سے اہل علاقہ سخت اذیت سے دوچار ہیں،  برنس روڈ شام 6 بجے سے صبح 4 بجے تک بند کردیتے ہیں جس سے علاقہ مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

عدالت نے ٹریفک حکام سے کہا کہ ایک مکمل پلان بنا کر لائیں کون کونسی سڑکیں بند ہوتی ہیں، اس پر ٹریفک حکام نے بتایا کہ شام 7 بجے سے رات 2  ڈھائی بجے تک سڑک بند کرتے ہیں۔

عدالت نے ٹریفک حکام سے استفسار کیا کہ علاقہ مکینوں کی گاڑیاں اور لوگ کیسے گھر جائیں گے، اگر کسی کو ایمرجنسی ہو تو کیسے اسپتال جائیں گے؟ برنس روڈ بند ہے تو کونسا روڈ کھلا ہے یہ تو بتائیں؟ جن لوگوں کو ایمرجنسی ہے کہیں جانا ہے کیسے جائیں گے؟

ٹریفک پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ متبادل راستہ دیا گیا ہے، اس پر عدالت نے کہا کہ فوڈ اسٹریٹ بنانی ہے بنائیں،کسی کھلی جگہ جائیں جہاں کوئی مسئلہ نہ ہو ، اس میں علاقہ مکینوں کا کیا قصور ہے؟ 

عدالت نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر برنس روڈ بند ہونے سے متعلق ٹریفک پلان کے بارے میں بھی بتایا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :