28 اپریل ، 2021
لاہور: پنجاب حکومت کی انسداد کورونا کابینہ کمیٹی نے ویکسین کی خریداری کی اصولی منظوری دیدی جس کے لیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کردیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیرصدارت کوروناسے نمٹنے سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کاخصوصی اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں پنجاب حکومت نے کوروناویکسین خریدنے کا اصولی فیصلہ کیا جس کےلیے ایک ارب 50کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں جم بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسپتالوں میں الیکٹو سرجری کو بند کردیاگیا ہے جب کہ دفاتر میں 50 فیصد عملہ حاضر ہوگا۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈریپ سے رجسٹرڈ غیر ملکی کمپنیوں کو اوپن بڈنگ کے ذریعے ویکسین کی فراہمی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ویکسی نیشن کا عمل دوگنا کرنے جارہی ہے۔