پی ایس ایل، 200 سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز چارٹرڈ طیاروں سے ابو ظبی روانہ

پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے معاملے پر ایک بار پھر معاملات خدشات کا شکار ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ امارات کے حکام کی جانب سے پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہ دینے کی وجہ سے مسائل کھڑے ہوگئے ہیں، ممبئی اور جوہانسبرگ سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹ کو لینڈنگ پرمیشن نہیں دی جارہی، اس کے علاوہ گزشتہ روز انگلینڈ سے سے دبئی کے لیے ائیرپورٹ آنے والے پاکستانی کرکٹر حماد اعظم کو واپس بھیج دیا گیا۔

ہر ممکن آپشن بروئے کار لارہے ہیں: پی سی بی

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی فرنچائز مالکان کے ساتھ میٹنگ ختم ہوگئی جس میں فرنچائز مالکان کو بھارت اور  جنوبی افریقا کی چارٹر فلائٹس کی لینڈنگ کے معاملے پر آگاہ کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے طلب کی گئی ایمرجنسی میٹنگ میں فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لیا گیا۔

پی سی بی کا کہناہےکہ جن افراد کے ویزوں کا انتظار ہے وہ بعد میں جائیں گے، تمام مشکلات پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن آپشن بروئے کار لائے جائیں گے۔

بھارت سے آنیوالوں کو ابو ظبی میں داخلہ نہ دینے کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارت اور جنوبی افریقا کے کریو کو ابوظبی داخلے کی اجازت نہ مل سکی اور اس سلسلے میں ابوظبی کے حکام کا مؤقف ہے کہ ایسے ملک کے براڈ کاسٹرز کو ابوظہبی لایا جائے گا جو ریڈ لسٹ میں نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے براڈ کاسٹرز کو ابوظبی لانے کے آپشن پر بھی غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان اور پی سی بی کا ایک اور ہنگامی اجلاس شام کو ہوگا۔

رمیز راجہ کی ٹوئٹ

علاوہ ازیں سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد پر بہت ساری باتیں ہورہی ہیں مگر پی ایس ایل کے سفر میں نئی چیز یہ ہےکہ ہم فلائٹس کے لیے  ہوٹل سے سہ پہر تین بجے نکل رہے ہیں، تو سب کچھ اچھا ہے۔


دوسری جانب پی ایس ایل میں شرکت کے لیے لاہور اور کراچی سے200 سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز  پر مشتمل چارٹرڈ فلائٹس ابوظبی روانہ ہوگئی ہیں۔

پی سی بی کا کہناہےکہ کراچی کے ہوٹلز میں موجود 25 افراد کو تاحال ویزے نہیں ملے، تمام افراد فی الحال بائیو سکیور ببل میں ہی رہیں گے اور ویزوں کے اجرا کے بعد تمام افراد کو علیحدہ چارٹرڈ فلائٹ سےابوظبی پہنچایا جائےگا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کروانے کی مکمل منظوری دی جاچکی ہے۔

 پی ایس 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :