کھیل
Time 23 اکتوبر ، 2021

جنوبی افریقا کو شکست، آسٹریلیا کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فاتحانہ آغاز

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئےگروپ 1 کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔

جواب میں آسٹریلیا نے 119 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 20 ویں اوورز میں دو گیندوں قبل حاصل کرلیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر  118 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مرکرم 40 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جب کہ ربادا نے 19 اور ڈیوڈ ملر نے 16 رنز بنائے۔

 آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، جوش ہیزل وڈ اور ایڈم زمپا نے دو دو جب کہ گلین میکس ویل اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

119 رنز کے ہدف کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسٹیون اسمتھ 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ مارکس اسٹوئنس نے 24 اور میکسویل نے 18 رنز بنائے۔

کینگروز نے 119 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اینرچ نورٹج نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ربادا ، مہاراج اور  تبریز شمسی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ میچز کھیلے گی اور آخر میں گروپ 1 اور گروپ 2 کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

مزید خبریں :