26 اکتوبر ، 2021
بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اگلا ہدف دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر جانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم سے ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 26 اکتوبر بروز منگل (آج) شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ 17 ستمبر 2021 کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ منسوخ کیے جانے پر شائقین کرکٹ نے سخت مایوسی کا اظہار کیا تھا اور اب سوشل میڈیا پر پاک نیوزی لینڈ میچ سے قبل قومی ٹیم کے چاہنے والے یہ خواہش رکھتے ہیں کہ پاکستان نیوزی لینڈ کو بھی شکست دے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے اپنے پہلے ہی میچ میں روایتی حریف بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔
سپر 12 میں ہر ٹیم 5 میچز کھیلے گی اور ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔