30 اکتوبر ، 2021
بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت تو مل گئی ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ آریان کی ضمانت کے مچلکوں پر کس معروف بھارتی اداکارہ نے دستخط کیے؟
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔
آریان خان تقریباً 28 روز تک منشیات کیس میں زیر حراست رہے اور بھارت کے سابق اٹارنی جنرل مکھل روہت جی نے 3 روز تک ہائیکورٹ میں کیس لڑ کر آریان کی ضمانت منظور کروائی۔
ممبئی ہائیکورٹ نے گزشتہ روز ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے ساتھ کچھ شرائط پر آریان خان کی ضمانت منظور کی تھی۔
آریان خان کے ضمانتی مچلکوں پر شاہ رخ کے کیرئیر کی ابتدائی دنوں کی ساتھی اور معروف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ نے دستخط کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آریان خان کی گرفتاری کے معاملے پر سلمان خان اور شترو گھن سنہا سمیت بالی وڈ اداکاروں کی بڑی تعداد نے شاہ رخ خان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حمایت میں بیانات دیے تھے۔