کھیل
Time 22 نومبر ، 2021

چیئرمین پی سی بی ناخوش، ہائی پرفارمنس سینٹر میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کئی ہفتوں سے کام رکا ہوا ہے: ذرائع۔ فوٹو: فائل
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کئی ہفتوں سے کام رکا ہوا ہے: ذرائع۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اس لیے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وکٹ کیپنگ کوچ عتیق الزمان نے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، عتیق الزمان گزشتہ دو ماہ سے انگلینڈ میں ہیں اور وہ رواں ہفتے لاہور پہنچیں گے، عتیق الزمان کے مزید کام کرنے کا امکان نہیں ہے، وہ استعفیٰ دیکر واپس انگلینڈ جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بولنگ کوچ محمد زاہد بھی مستعفی ہو کر واپس انگلینڈ جا چکے ہیں جبکہ ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ گرانٹ بریڈ برن بھی عہدے سے الگ ہو چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں لہذا ندیم خان کو بھی عہدے سے الگ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کئی ہفتوں سے کام رکا ہوا ہے، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور شعبہ ڈومیسٹک کو الگ الگ کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے لگائے گئے ڈومیسٹک کوچز پر بھی سوالیہ نشان ہے، ڈومیسٹک کوچز کو بھی عہدوں سے الگ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :