29 نومبر ، 2021
ائیر پورٹ سکیورٹی فورس نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتحاد ائیر کے ذریعے ابوظبی جانے والے مسافر کے بیگ سے کروڑوں کی ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر جہانزیب خان نے ہیروئن اپنے بیگ میں چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے ڈیوٹی پر مامور عملے نے مسافر کے بیگ کی اسکیننگ کے دوران کمال پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور اسے مشکوک قرار دیا ۔
اے ایس ایف کا بتانا ہےکہ اہلکاروں نے ملزم کی تلاشی کے دوران بیگ میں چھپائی گئی 3.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کی جس کے بعد ملزم کو مزید کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹس فورس کے حوالے کردیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ملزم سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی مالیت تقریباً 3.5 کروڑ پاکستانی روپے ہے۔