Time 29 نومبر ، 2021
کھیل

پاک بنگلادیش ٹیسٹ کے آخری روز میچ مقررہ وقت سے پہلے کیوں شروع ہوا؟

پاکستان کو چٹاگانگ ٹیسٹ جیتنے کیلئے میچ کے پانچویں روز 93 رنز اور بنگلادیش کو 10 وکٹیں درکار ہوں گی— فوٹو: پی سی بی
پاکستان کو چٹاگانگ ٹیسٹ جیتنے کیلئے میچ کے پانچویں روز 93 رنز اور بنگلادیش کو 10 وکٹیں درکار ہوں گی— فوٹو: پی سی بی

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان چٹاگانگ میں جاری پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور اس میں پاکستان کی گرفت کافی مضبوط ہے۔

پاکستان کو کھیل کے پانچویں اور آخری روز جیتنے کیلئے صرف 93 رنز درکار ہوں گے جبکہ بنگلادیش کو فتح حاصل کرنے کیلئے پاکستان کی 10 وکٹیں لینی ہوں گی۔

دیکھا جائے تو بنگلادیش کیلئے ٹارگٹ مشکل اور پاکستان کیلئے آسان ہے۔ ایسے میں پاکستان کیلئے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ آخری روز کا کھیل مقررہ وقت سے 21 منٹ پہلے شروع ہوا۔

دراصل آئی سی سی کے قانون کے تحت پانچ روزہ بین الاقوامی ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 450 اوورز کا کھیل ہونا چاہیے۔

پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو پہلی اننگز میں کم سے کم 130 اوورز ملنے چاہئیں، اس کے بعد دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو پہلی اننگز میں 115 اوورز کھلائے جانے چاہئیں۔

اسی طرح پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی دوسری اننگز میں کم سے کم 90 اوورز کا کھیل ہونا چاہیے جبکہ دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی دوسری اننگز میں 105 اوورز کا کھیل ہونا چاہیے۔

اس حساب سے مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کو 220 اوورز بیٹنگ /بولنگ کا موقع ملتا ہے۔ عمومی طور پر دیکھا جائے تو روزانہ کی بنیاد پر 90 اوورز کا کھیل ہونا ضروری ہے اور بولنگ سائیڈ کی سستی کی وجہ سے اگر اوورز کم ہوتے ہیں تو جتنے اوورز کم کرائے جاتے ہیں وہ بیٹنگ سائیڈ کے کھاتے میں ڈال دیے جاتے ہیں اور فیلڈنگ سائیڈ جب بیٹنگ کیلئے آتی ہے تو ان کے اوورز کم کردیے جاتے ہیں۔

اسی طرح اگر بارش کی وجہ سے کھیل متاثر ہو تو دونوں ٹیموں کو اوورز یکساں تقسیم کیے جاتے ہیں۔

پاکستان اور بنگلادیشن کے درمیان جاری چٹاگانگ ٹیسٹ کے چار دنوں میں اب تک مجموعی طور پر 319 اوورز کرائے جاسکے ہیں حالانکہ 360 اوورز کا کھیل ہونا چاہیے تھا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ میچ کے چاروں روز خراب روشنی کی وجہ سے کھیل جلدی ختم کرنا پڑا اور اب یہی وجہ ہے کہ پانچویں روز کا کھیل مقررہ وقت سے 21 منٹ پہلے شروع کیا جارہا ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پانچویں روز کا کھیل اب بنگلادیشی وقت کے مطابق 10بجے نہیں بلکہ صبح 9 بجکر 39 منٹ پر شروع ہوگا تاکہ جو کم و بیش 41 اوورز کا کھیل متاثر ہوا ہے اس کی کسی حد تک تلافی کی جاسکے۔

مزید خبریں :