دنیا
15 فروری ، 2012

ایران نے مقامی سطح پر تیار کردہ ایٹمی ایندھن کا استعمال شروع کردیا

ایران نے مقامی سطح پر تیار کردہ ایٹمی ایندھن کا استعمال شروع کردیا

تہران … ایران نے پہلی مرتبہ اپنے جوہری ری ایکٹر میں مقامی سطح پر تیار کردہ ایٹمی ایندھن کا استعمال شروع کردیا ہے، جوہری پروگرام میں 3 ہزار جدید سینٹری فیوجز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے، یورپی یونین کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کے لئے ایران کا خط موصول ہوگیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی تقریب میں صدر محمود احمدی نژاد کو 20 فیصد افزودہ جوہری ایندھن کی راڈز کا معائنہ کرتے دکھایا گیا ہے۔ ایرانی حکومت نے یورینیم کی افزودگی میں استعمال ہونے والے جدید سینٹری فیوجز کی رونمائی نتانز ایٹمی پلانٹ میں کی۔ ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ فریدون عباسی کا کہنا ہے کہ 3 ہزار نئے سینٹری فیوجز کے ذریعے ایران کی یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت 3 گنا تک بڑھ جائے گی۔ ادھربرسلز میں یورپی یونین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کے لئے ایران کا خط موصول ہوگیا ہے، اس خط کے مندرجات کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے اور مذاکرات میں شریک 6 ممالک سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ روس کے نائب وزیر خارجہ نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب آرہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والا ایران روس کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ دوسری جانب جاپانی وزیراعظم نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ایران پر حملے سے باز رہے کیونکہ ایسا کوئی اقدام انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع کے ساتھ ٹوکیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاپان ایران سے تیل کی درآمد کم کرنے کی کوشش کرے گا۔

مزید خبریں :