Time 10 جنوری ، 2022
پاکستان

شاہ رخ جتوئی کے بعد مزید بااثر قیدیوں کی پرائیوٹ اسپتالوں میں موجودگی کا انکشاف

کراچی کے پوش علاقے میں 2012 میں قتل ہونے والے شاہ زیب کے کیس کے سزا یافتہ مجرم شاہ رخ جتوئی کے بعد سینٹرل جیل کے کئی مزید بااثر قیدیوں کی پرائیوٹ اسپتالوں میں موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

شاہ رخ جتوئی کی پرائیویٹ اسپتال سےجیل واپسی کے بعد کئی بااثرقیدی واپس جیل پہنچادیےگئے ہیں۔

جناح اسپتال میں ساڑھے پانچ مہینے سے موجود قیدی کشورکمار کو واپس سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا جبکہ متحدہ کے سعید بھرم سمیت 12مزید قیدی کراچی کے پرائیوٹ اسپتال سے سینٹرل جیل واپس بھیج دیے گئے ہیں۔

سزایافتہ اوربااثرقیدیوں کوبہادرآباد کے ایک نجی اسپتال میں رکھاگیا تھا۔

حکام کے مطابق سزا یافتہ با اثرقیدیوں کوجناح اور دیگر سرکاری اسپتال کے جعلی خطوط پرنجی اسپتالوں میں رکھاگیاتھا۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق جناح اسپتال میں اس وقت صرف 2قیدی ہیں جنہیں جلد جیل واپس بھجوادیا جائے گا۔

اُدھر ذرائع کا کہنا ہے کہ سزایافتہ بااثرقیدیوں کواسپتالوں میں رکھنابہت بڑامنافع بخش کاروباربن چکاہے۔

جیو نیوز نے آج خبر نشر کی تھی کہ مجرم شاہ رخ جتوئی جیل کے بجائے کئی ماہ سے نجی اسپتال میں رہ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ رخ جتوئی کراچی میں قمرالاسلام اسپتال کی بالائی منزل پر رہ رہا تھا، قمرالاسلام اسپتال شاہ رخ جتوئی کے خاندان نے کرائے پر حاصل کر رکھا ہے جہاں شاہ رخ جتوئی سزا یافتہ مجرم ہونے کے باوجود ایک قیدی کے بجائے عام انسانوں والی زندگی گزار رہا تھا۔

ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شاہ رخ جتوئی کو محکمہ داخلہ سندھ کے حکم پر جیل سے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا، شاہ رخ جتوئی کی جیل سے نجی اسپتال منتقلی کے پیچھے سندھ کی ایک اعلیٰ شخصیت کا ہاتھ ہے۔

خبر سامنے آنے کے بعد شاہ رخ جتوئی کو اسپتال سے واپس جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :