25 جنوری ، 2022
اسلام آباد ائیرپورٹ پر سکیورٹی فورسز نے الگ الگ دو بڑی کارروائیاں کرکے 79 ہزار ڈالر اور 6 کلو گرام آئس برآمد کر لی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق دوحہ جانے کے لیے ائیرپورٹ پہنچنے والی خاتون سے ایک کروڑ 40 لاکھ 68 ہزار روپے مالیت کے امریکی ڈالرز برآمد ہوئے جب کہ دمام جانے والے ایک اور مسافر سے 6 کلو گرام سے زائد آئس برآمد کی گئی۔
اے ایس ایف کے مطابق دونوں مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مسافر شہناز شاہ نے ڈالرز بیگ کے اندر کپڑوں میں بڑی مہارت سے چھپا رکھے تھے۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اے ایس ایف عملے نے اسکیننگ کے دوران مسافر کے بیگ کو مشکوک قرار دیا جس کے بعد بیگ کی تلاشی کے دوران ڈالرز برآمد کرکے منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہی دمام کے مسافر سے 6.330 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی۔
ترجمان کے مطابق مسافر میر سجاد علی نے منشیات بیگ کی تہہ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی، سامان کی تلاشی کے دوران آئس برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنائی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو منشیات سمیت اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا-