Time 25 جنوری ، 2022
کھیل

ایک غریب بال بوائے چیمپئن کیسے بنا ؟

گالفر وحید بلوچ کراچی کے علاقہ ڈالمیا مجاہد کالونی کے رہائشی ہیں/فوٹو جیو نیوز
گالفر وحید بلوچ کراچی کے علاقہ ڈالمیا مجاہد کالونی کے رہائشی ہیں/فوٹو جیو نیوز

گالف دیکھنے میں جتنا آسان کھیلنے میں اتنا ہی مشکل  ہے ، یہ کھیل گالفرز کو تحمل مزاجی اور جذبات سے لڑنا سکھاتا ہے۔ اکثر گالفرز بڑے مقابلوں میں اپنے جذبات سے لڑتے دکھائی دیتے ہیں مگر اس کھیل میں وہی کامیاب ہوتا ہے جسے مہارت اور تیکنیک پرعبور حاصل ہوتا ہے۔

 پاکستان میں ایسے کئی گالفرز موجود ہیں جو کافی عرصے سے اپنی بہترین مہارت سے ٹائٹل حاصل کررہے ہیں۔ انہی میں ایک کراچی گالف کلب کے پروفیشل گالفر وحید بلوچ ہیں جو کراچی کے علاقے ڈالمیا مجاہد کالونی کے رہائشی ہیں۔

شدید گرمی میں کچے فٹبال گراؤنڈ میں گالف کا کھیل

وحید بلوچ  بچپن سے گالف کے شوقین تھے اور بچپن میں گالف کورس کی دیوار پھلانگ کر گالف دیکھا کرتے تھے۔ کھیل کا ایسا شوق تھا کہ ڈالمیا کے کچے فٹبال گراؤنڈ پر گالف کی گیند سے شدید گرمی میں کھیلتے رہتے تھے۔

 وقت گزرتا گیا وحید بلوچ پہلے کیڈی بن کر گالفرز کوکھلایا کرتے تھے اور پھر خود اس کھیل سے وابستہ ہوگئے اور 1995 سے پروفیشنل کیٹگری میں مقابلے کررہے ہیں۔

 پروفیشنل بننے کے ایک سال بعد ہی وہ پاکستان میں ہونے والے پہلے ایشین ٹور کے لیے منتخب ہوگئے۔ جس میں ان کی کارکردگی نمایاں رہی اور 17 ویں پوزیشن حاصل کی۔ 

آخری راؤنڈ پر چار انڈر کا بیسٹ راؤنڈ بھی کھیلا تھا اس کے بعد وحید بلوچ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

 کراچی گالف کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نےکئی قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کی۔ اس دوران وہ 5 مرتبہ چیمپئن بنے جب کہ 15  مرتبہ دوسرے نمبر ہر آئے۔

انہوں نے ایشین ٹور میں بھی حصہ لیا اور  انڈین ٹور ، بنگلا دیش اور تھائی لینڈ میں بھی ملک کی نمائندگی کی۔ 

پروفیشنل گالفر بننے کے 10 سال بعد وحید بلوچ کو اسپا نسر شپ ملی تو معاشی حالات بہتر ہونا شروع ہوئے۔ 

وحید بلود آج بھی ملک کے ٹاپ گالفرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ آج کل ایک نجی کمپنی کے کنٹری ہیڈ غیاث الدین کے تعاون سے وہ ملٹی نیشنل کمپنی کے بینر تلے گالف کھیل رہے ہیں۔

آخری راؤنڈ پر وحید بلوچ کا مقابلہ دفاعی قومی چیمپئن محمد شبیر اقبال سے ہوا/فوٹو جیو نیوز
 آخری راؤنڈ پر وحید بلوچ کا مقابلہ دفاعی قومی چیمپئن محمد شبیر اقبال سے ہوا/فوٹو جیو نیوز 

 وحید بلوچ نے سال 2022 کے آغاز میں ہی 11 واں رشید ڈی حبیب میموریل قومی پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ جیت لیا۔

آخری راؤنڈ پر وحید بلوچ کا مقابلہ دفاعی قومی چیمپئن محمد شبیر اقبال سے ہوا۔ میچ دوبار ٹائی ہونے کے باوجود شبیر اقبال اپنے ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکے اور کامیابی وحید بلوچ کے حصہ میں آئی۔ 

انہوں نے ٹرافی کے ساتھ 7 لاکھ 13 ہزار روپے کا انعام بھی حاصل کیا  جبکہ مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے انعامات تقسیم کیے۔

ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، وحید بلوچ

4 روز بعد ہی کراچی کے ائیرمین گالف کورس پر وحید بلوچ کی کپتانی میں دو شہروں کے درمیان پروفیشنل گالفرز کا مقابلہ ہوا جس میں کراچی نے لاہور کی ٹیم کو ہرا کر پہلی ٹیم چیمپئن شپ کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

وحید بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ہفتے  والے ملک کی سب سے بڑے ٹورنامنٹ پاکستان اوپن کی تیاری کررہے ہیں۔

 وحید بلوچ نے مزید  کہا کہ ان کا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، پروفیشنل کے بعد سینئر پروفیشنل گالفر بن کر ملک کا نام روشن کروں گا۔

مزید خبریں :