پاکستان

صحافی اطہر متین کے قتل کے ملزم نے وقوعہ کے روز کی تمام تفصیلات بتادیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں صحافی اطہرمتین کے قتل میں ملوث ملزم نے وقوعہ کے روز کی تمام تفصیلات پولیس کو بتا دیں۔

گرفتار ملزم  اشرف نے تفتیشی ٹیم کو دیے گئے بیان میں اپنے گروپ کے ساتھ کراچی سے ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔

اشرف کے مطابق اطہر متین کے قتل کے روز وہ اور ساتھی ملزم انور حب  سے صبح ساڑھے 6 بجےکراچی پہنچے تھے، اس نے لائنز ایریا  آکر کراچی میں زیر استعمال موبائل فون کھولا تھا۔ 

ملزم اشرف کے مطابق 'شکار'کی تلاش میں وہ موٹرسائیکل سے گارڈن سے ہوتے ہوئے نارتھ ناظم آباد پہنچے تھےکہ واردات کے دوران اطہر متین کے ساتھ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ 

ملزم کے مطابق اطہر متین پر فائرنگ کے بعد وہ سعید آباد سے ہوتے ہوئے شیر شاہ پہنچے، جہاں پر انہوں نے سوا نو بجے موبائل فون بند کردیا اور حب چلےگئے۔

ملزم نے بتایا کہ کورنگی میں انور نے ایک گھر کرائے پر لے رکھا تھا، وہ لوگ حب سے صبح چار بجے معمول کے مطابق نکلتے تھے،کورنگی میں کپڑے بدلتے تھے، کراچی آکر پولیس سے بچنے کے لیے پینٹ شرٹ پہنتے تھے۔

 ملزم کے مطابق صبح کے وقت پولیس پیٹرولنگ نہ ہونے کی وجہ سے دفاتر جانے والے افراد ٹارگٹ ہوتے تھے، وہ سال میں دو مہینے خضدار سے آکر حب آکر ٹھہرتے تھے، روزانہ دو سے تین موٹر سائیکلیں چھینتے تھے، ملزم کے مطابق یہی ان کا روزگار تھا اور وہ کئی ماہ سے یہی دھندا کر رہے تھے۔

خیال رہےکہ  پولیس نے ملزم اشرف کو 26 فروری کو منگھوپیر میں سندھ بلوچستان بارڈر سےگرفتار کیا تھا۔

 2 روز قبل قمبرشہداد کوٹ میں پولیس کی کارروائی کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا  تھا جس سے متعلق پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزم صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث تھا اور ملزم کی شناخت انورحسنی بروہی کےنام سے ہوئی ہے جو کہ گرفتار ملزم اشرف کا ساتھی تھا۔

مزید خبریں :