پاکستان

گلستان جوہر میں غلط کاری کے نام پر مردوں کا فلیٹ پر دھاوا، خواتین پر تشدد، پولیس خاموش

نعمان سٹی کے مکین روبی نامی خاتون کے فلیٹ میں گھسے جبکہ وائرل ویڈیو میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور گالم گلوچ بھی دیکھی گئی —فوٹو: فائل
نعمان سٹی کے مکین روبی نامی خاتون کے فلیٹ میں گھسے جبکہ وائرل ویڈیو میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور گالم گلوچ بھی دیکھی گئی —فوٹو: فائل

کراچی کے شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 16 کے رہائشی اپارٹمنٹس نعمان سٹی میں مبینہ طور پر مکینوں یا کئی مرد حضرات نے غلط کاری کا الزام عائد کرکے ایک فلیٹ پر دھاوا بول کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

فوٹیج کے مطابق نعمان سٹی کے مکین روبی نامی خاتون کے فلیٹ میں گھسے جبکہ  وائرل ویڈیو میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور گالم گلوچ  بھی دیکھی  گئی۔ 

مکینوں کا مؤقف ہے کہ پولیس کو علاقے میں چلنے والے تمام فحاشی، منشیات اور گٹکا ماوا کے اڈوں کا نہ صرف علم ہے  بلکہ علاقہ پولیس ان اڈوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔ 

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اس دوران کسی نے آواز لگائی کہ انہیں پولیس کے حوالے کریں گے تو یہ سب بولیں گے مگر دوسرا مرد کہتا ہے کہ انہیں پولیس کے حوالے کیوں کریں گے، اس دوران ایک لڑکی خود پر تشدد سے منع کیا اور وہ بات کرنے کا کہتی ہے تو وہ مرد اسے مزید تشدد کرتے ہوئے گالیاں بکتا ہے۔ 

دستیاب ویڈیو کے مطابق خواتین اپنا چہرہ چھپاتی ہیں تو مرد ان کے چہرے سے زبردستی نقاب ہٹواتے ہیں۔ وہاں موجود خواتین پر تشدد کے دوران ویڈیو بھی بنائی جاتی رہی۔ یہ تو معلوم نہیں ہوسکا کے یہ واقعہ کب پیش آیا مگر سوشل میڈیا پر گزشتہ رات کے حوالے سے یہ بھی اطلاعات ہیں کہ وہاں پر موجود خواتین کی مبینہ طور پر برہنہ وڈیوز بھی موبائل فونز سے بنائیں گئیں۔ 

اس کے علاوہ فلیٹ میں داخل ہونے والے افراد خواتین کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر شارع فیصل پولیس نے لاعلمی ظاہر کی ہے۔

مزید خبریں :