Time 24 مارچ ، 2022
پاکستان

شریف خاندان کیخلاف کیس: رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا منی لانڈرنگ ہوئی، سرکاری افسر کا اعتراف

رپورٹ میں کسی شخص یا کمپنی کو بے نامی بھی نہیں لکھا گیا: ایس ای سی پی افسر کا جرح میں اعتراف/ فائل فوٹو
 رپورٹ میں کسی شخص یا کمپنی کو بے نامی بھی نہیں لکھا گیا: ایس ای سی پی افسر کا جرح میں اعتراف/ فائل فوٹو

لاہورکی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایس ای سی پی کے افسر نے تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہیں نہیں لکھاکہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے۔

احتساب عدالت لاہورمیں شہباز شریف اور ان کےخاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی جس میں  شہباز شریف وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں سیاسی مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے تاہم حمزہ شہباز نےحاضری مکمل کرائی۔

عدالت میں نیب کے 4گواہوں پر جرح ہوئی جس میں نیب کے گواہ ایس ای سی پی کے افسر یاسر بھٹی نے جرح میں تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہیں منی لانڈرنگ نہیں لکھا، ان کی رپورٹ میں کسی شخص یا کمپنی کو بے نامی بھی نہیں لکھا گیا۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ جب سے تحریک عدم اعتماد سامنےآئی ہے، عمران نیازی حواس باختہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہوتے تھے تب عمران نیازی کو ضمیر کی آواز اچھی لگتی تھی، اب وہ دھمکیوں پر اتر آئےہیں، وہ دوسرے ملکوں کو بھی للکارتے ہیں جس کی قیمت پاکستان کو چکانا پڑےگی۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے نیب کے 4گواہوں پر جرح کے بعدسماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :