20 اپریل ، 2022
حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے اراکین کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس اسپیکر پرویز الٰہی نے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے، 26 منحرف پی ٹی آئی ارکان کے خلاف ریفرنس اسپیکر کے نمائندے نے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا۔
منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان نے حمزہ شہباز کو ووٹ دیکر 63 اے کی خلاف ورزی کی۔
ریفرنس میں منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی عمل میں لانے کی استدعا کی گئی ہے۔
جن ارکان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے ان میں راجہ صغیر، ملک غلام رسول سنگھا، سعید اکبر نوانی، محمد اجمل، فیصل حیات جبوانہ، مہر محمد اسلم، خالد محمود اور عبدالعلیم خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، نعمان لنگڑیال، نعیم سلمان، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ چوہدری، ساجدہ یوسف، ہارون گل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد کھوکھر، اعجاز مسیح گل، سبطین رضا، جاوید اختر اور محسن عطا کھوسہ کے خلا ف بھی ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے ارکان کو لیٹر جاری کرکے پابند کیا گیا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ کے الیکشن میں پرویز الٰہی کو ووٹ دیں، ان 26 ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا ووٹ دیا لہذا منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔