دنیا
Time 01 جون ، 2022

بھارت : سونیا اور راہول گاندھی منی لانڈرنگ کیس میں طلب

سونیا اور راہول گاندھی / رائٹرز فوٹو
سونیا اور راہول گاندھی / رائٹرز فوٹو

بھارت کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں کانگریس جماعت سے تعلق رکھنے والے مرکزی قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو طلب کرلیا ہے۔

سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو تحقیقاتی ادارے نے 9 سال پرانی شکایت پر طلب کیا ہے جو ان کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک رہنما سبھرا مینن سوامی نے درج کرائی تھی۔

اس شکایت میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایک آف شور کمپنی کے ذریعے 30 کروڑ ڈالرز مالیت کی جائیدادوں پر غیرقانونی طور پر کنٹرول حاصل کیا تھا۔

جن جائیدادوں کا شکایت میں حوالہ دیا گیا وہ نیشنل ہیرالڈ نیوز پیپر سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی کی تھیں۔

نیشنل ہیرالڈ اخبار 1937 میں بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے شائع کرنا شروع کیا تھا جو کہ راہول گاندھی کے پرنانا تھے۔

سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو طلب کرنے پر کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ مضحکہ خیز اور بزدلانہ سازش ہے جو کانگریس کی قیادت کے خلاف کی گئی تاکہ ملک کو گمراہ کیا جاسکے۔

دوسری جانب سبھرا مینن سوامی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے راہول اور سونیا گاندھی کی گرفتاری کی توقع ظاہر کی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے اس بارے میں بات کرنے سے گریز کیا اور یہ واضح نہیں کیا کہ 9 سال پرانی شکایت پر اب ادارے کی جانب سے کارروائی کیوں کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :