12 جون ، 2022
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کے معاملے پر مونس الہٰی کا ردعمل سامنے آگیا۔
مونس الہٰی نے 'بسم اللہ الرحمٰن الرحیم' لکھ کر اپنے خلاف ایف آئی اے انکوائری کی خبرکا اسکرین شاٹ ٹویٹ کردیا۔
اپنے ردعمل میں مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ چاہے جتنےکیس بنالیں عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، ایف آئی اےکیس میں لگائےگئے الزامات کی تفصیلات کا ابھی علم نہیں ہے، اس طرح کے کیسز ہمارے خاندان پرپہلی بار نہیں بنے، ماضی میں بھی ہمارے خاندان پر اس طرح کےکیسز بنائے گئے۔
مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ ہزار مقدمات بنالیں، عمران خان کے ساتھ کا فیصلہ اٹل ہے، مجھےکہا گیا کہ آپ سے غلطی ہوگئی،کوئی بات نہیں واپس آجائیں، میرےتمام اثاثے ڈیکلیئرڈ ہیں، اپنے خلاف تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لالچ اور دھوکے سے قابو نہ آنے پر اب دباؤ ڈال رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ اس طرح کا دباؤ ڈال کر بجٹ منظور کروالیں۔