27 جولائی ، 2022
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے پنروتی قصبےکے ایک گاؤں میں کبڈی میچ کے دوران 22 سالہ کھلاڑی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منادی کوپم گاؤں میں گزشتہ دنوں کبڈی کا میچ کھیلاجا رہا تھا کہ 22 سالہ کھلاڑی ویمل راج مخالف ٹیم کے حصے میں پہنچا اور بعد ازاں اپنی سائیڈ کی جانب واپس جانے کی کوشش کی جس پر دوسری ٹیم کے کھلاڑیوں نے اسے روکا۔
اس واقعے سے متعلق ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مخالف کھلاڑی ویمل راج کو گھیر کر گرا دیتے ہیں اس دوران ایک کھلاڑی کی ٹانگ ویمل کے سینے پر لگتی ہے۔
سینے پر مخالف ٹیم کے کھلاڑی کی ٹانگ لگنے کے بعد ویمل نے اٹھنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا، رپورٹس کے مطابق اسی وقت 22 سالہ کھلاڑی کو دل کو دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
اسپتال حکام کی جانب سے مردہ قرار دیے جانے کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں کہ آیا یہ قتل ہے یا نہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔