Time 15 مارچ ، 2022
کھیل

بھارت میں برطانوی کبڈی ٹیم کا کپتان میچ کے دوران فائرنگ سے ہلاک

بھارت میں مشہور برطانوی کبڈی کھلاڑی اور انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان سندیپ سنگھ سندھو کو ایک ٹورنامنٹ میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  سندیپ سنگھ سندھو کو  جالندھر کے  قریبی گاؤں ملیاں خورد میں ایک میچ کے اختتام پر 8 سے 10 گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق گولیاں لگنے کے بعد  انہیں فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن جو جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ واقعے کی فوٹیج سے  معلوم ہوتا ہے کہ کئی افراد میدان کے اطراف گولیاں چلا رہے تھے  اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے یا پھر کسی خاص گروہ کی جانب سے پیسے لیکر حملہ کیا گیا۔

دوسری جانب سندیپ کے قریبی ایک سینیئر کبڈی آرگنائزر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ  واقعے میں مبینہ طور پر وہ غنڈے ملوث تھے جو نتائج میں ہیرا پھیری کی کوشش کرتے تھے کہ ٹورنامنٹ میں کن کھلاڑیوں کو شرکت کرنی چاہیے۔

جالندھر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ سندھو برطانیہ کے مستقل رہائشی تھے جبکہ ان کا تعلق جالندھر کے شاہ کوٹ علاقے کے گاؤں ننگل امبیان سے تھا۔

رپورٹس کے مطابق 40 سالہ سندھو کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے لیے اکثربھارت آتے تھے۔

مزید خبریں :