08 اگست ، 2022
تونسہ میں پسند کی شادی کرنے والی کراچی کی رہائشی نمرہ کاظمی کا کہنا ہےکہ وہ اپنے شوہر شاہ رخ سے الگ ہوئی ہے اور نہ ہی اس سے طلاق لی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نمرہ کاظمی کا کہنا تھا کہ میں والدین سے ملنے کے لیے شاہ رخ کےگھر سے گئی تھی، شاہ رخ ڈھونڈ رہا تھا تو اس لیے تھانے چلی گئی، شاہ رخ مجھے واپس گھر لے جانا چاہتے تھے۔
نمرہ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ کی والدہ نے مجھے ساتھ لے جانے سے منع کردیا جس پر شاہ رخ والدہ کے سامنے مجبور ہوا اور چھوڑ کر چلا گیا، میں نے شاہ رخ سے طلاق نہیں لی اور نہ الگ ہوئی ہوں۔
نمرہ کاظمی کی والدہ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ کی والدہ نمرہ پر تشدد کرتی تھی، میری بیٹی شاہ رخ کےگھر سے بھاگی نہیں، نمرہ ڈی جی خان کے تھانے پہنچی تو پولیس نے ہمیں فون کیا، ہم نے پولیس سے کہا نمرہ کو شاہ رخ یا اس کےخاندان کے حوالے نہ کیا جائے، ہم پرسوں ڈی جی خان پہنچے پھر عدالت کے ذریعے نمرہ کوہمارے حوالے کیا گیا۔
والدہ نمرہ کاظمی کا کہنا تھا کہ شاہ رخ کی والدہ جھوٹی ہے اس نے پہلے بھی بہت جھوٹ بولے ہیں۔
خیال رہےکہ چار ماہ قبل کراچی کی رہائشی لڑکی نمرہ کاظمی نے تونسہ میں شاہ رخ نامی لڑکے سے پسند کی شادی کی تھی۔
گزشتہ روز نمرہ کاظمی کی درخواست ڈی جی خان کی عدالت نے منظور کرتے ہوئے اسے والدین کے ساتھ کراچی جانے کی اجازت دی تھی۔