Time 28 اگست ، 2022
کھیل

پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز نے ممکنہ میچ ونر کھلاڑیوں کے نام بتا دیے

پاک بھارت میچ میں محمد رضوان اہم کردار اد اکریں گے: سابق کھلاڑی انضمام الحق/فوٹوفائل
پاک بھارت میچ میں محمد رضوان اہم کردار اد اکریں گے: سابق کھلاڑی انضمام الحق/فوٹوفائل

جیو نیوز  اور  اے بی پی نیوز کے ”پاک بھارت ٹاکرا“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی و بھارتی کرکٹرز  نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ میں ممکنہ طور  پر میچ ونر کھلاڑیوں کے نام بتا دیے۔ 

اس خصوصی نشریات میں پاکستان سے میزبان دانش انیس تھے جبکہ اے بی پی نیوز میں رومانہ خان اور جی ایس وویک میزبانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

پروگرام میں  بھارت سے کپل دیو، اتل واسن اور  ونود کامبلی اور پاکستان سے انضمام الحق، عاقب جاوید اور سکندر بخت شریک تھے جبکہ دبئی سے وقار یونس بھی شامل گفتگو ہوئے۔

سابق پاکستانی کھلاڑیوں کی رائے

قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان اور  بھارت دونوں کے ٹاپ آرڈر  بیٹرز بہت زبردست ہیں، پاک بھارت میچ میں محمد رضوان اہم کردار  اد اکریں گے، بابر اعظم اور محمد رضوان بھی کھڑے ہو جائیں تو میچ فنش کر سکتے ہیں، روہت اور راہول کھڑے ہوگئے تو کسی بھی بولنگ اٹیک کو  تباہ کرسکتے ہیں۔

انضمام الحق نے مزید کہا کہ کرکٹ کو کھیل ہی رہنے دیا جائے تو بہتر ہے، پاک بھارت میچوں کو جنگ کی شکل نہ دی جائے، پاک بھارت میچ کا جوش و جنون الگ ہی ہوتا ہے، پہلی دفعہ پاکستان اور  بھارت  دونوں ٹیمیں جدوجہد کرتی نظر آ رہی ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں فخر زمان اور بولنگ میں حارث رؤف بہترین کھلاڑی ہوں گے۔

سابق پاکستانی کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ محمد رضوان اور نسیم شاہ پاک بھارت میچ کے ہیرو ہوں گے۔

دبئی سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ میں کھلاڑیوں پر بہت دباؤ ہوگا، پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی صورت ایک بڑا ایج حاصل تھا، حسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ان کا پاکستان کو ایج حاصل ہے۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ میں نئی بال بہت اہم ہوگی، نسیم شاہ یا ہاردیک پانڈیا میچ کے باہو بلی ہوں گے۔

سابق بھارتی کھلاڑیوں کی رائے

سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا کہ پاک بھارت میچوں میں دونوں ٹیموں سے کچھ بڑے کھلاڑی نہ کھیل رہے ہوں تو ملال ہوتا ہے، ویرات کوہلی نے جتنا انڈیا کو دیا بہت کم کھلاڑیوں نے دیا ہے، کے ایل راہول کبھی بھی واپس آسکتے ہیں۔

کپل دیو نے کہا کہ  پاکستان اور بھارت دونوں کے اوپنرز اور بولرز بہت اچھے ہیں، انڈیا میں ٹاپ آرڈ ر کے علاوہ آخرتک بیٹنگ مضبوط ہے، ریشبھ پنٹ 6 نمبر پر اور ہاردیک پانڈیا سات نمبر پر آتا ہے، ہاردیک پانڈیا اور ریشبھ پنٹ کسی وقت بھی گیم چینج کر سکتے ہیں، پاکستان کے پاس اوپنرز اور فاسٹ بولرز کی قوت ہے۔

سابق بھارتی فاسٹ بولر  اتل واسن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور یجوندھر چہل پاک بھارت میچ میں باہوبلی ہو سکتے ہیں، انڈیا کا پیس اٹیک اس وقت ہلکا نظر آرہا ہے، جسپریت بمراہ انجرڈ ہوئے اچھی بات ہے اس طرح دوسرے لڑکوں کو بھی ہائی پریشر میچ میں کھیلنے کا موقع ملے گا، بھگوان نے جاوید میانداد کو بنانے کے بعد وہ ڈائی توڑ دی تھی۔

اتل واسن نے کہا کہ کے ایل راہول کا رنز بنانا بہت اہم ہوگا، آج کل کے کھلاڑی کسی دوسرے کھلاڑی کو ہلکا نہیں لیں گے، کسی نئے کھلاڑی کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ کوئی بھی میچ جتواسکتا ہے، آئی سی سی اور  براڈ کاسٹرز  پاک انڈیا میچ پر ایسی ہائپ پیدا کرتے ہیں جس سے لگتا ہے میچ سے فیصلہ ہوگا کون سا ملک بہتر ہے۔

 سابق  بھارتی کرکٹر ونود کامبلی نے ویرات کوہلی جبکہ ویویک نے ایشون اور یجوندھر چہل کو ممکنہ طورپر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا اور کہا کہ میں نے پاکستان کے خلاف میچ میں ڈیبیو کیا تھا جہاں مجھے عمران خان، وسیم اکرم اور  وقار یونس جسے بولنگ اٹیک کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :